حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یومِ ولادتِ باسعادت سیدۃ النساء العالمین حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے کے موقع پر کینیڈا اور سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی دو عیسائی نوجوان خواتین نے حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کے شعبۂ ادیان و مذاہب میں حاضر ہو کر دین اسلام قبول کر لیا ہے۔
آستانہ نیوز کے مطابق؛ ان دونوں عیسائی خواتین کے اسلام قبول کرنے کی تقریب، ولادتِ باسعادت حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے موقع پر منعقد کی گئی، جس میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والی بیس سالہ خاتون اور سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی بائیس سالہ خاتون نے اسلامی تعلیمات سے آگاہ ہونے کے بعد اسلام کو قبول کر لیا۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطالعے اور اسلام پر ریسرچ کرنے کے بعد ہی ان دو نوجوان خواتین نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین میں حاضر ہو کر باقاعدہ دین اسلام کو قبول کیا۔
حرم امام رضا علیہ السّلام کے ادارۂ برائے غیر ملکی زائرین کی جانب سے ان دو نو مسلم خواتین کو اسلام سے متعلق کتب پیش کی گئیں، جن میں مختلف موضوعات جیسے قیامت، زیارت اور خاندان کے بارے میں اسلام اور عیسائیت کے تقابلی جائزہ پر مشتمل کتب شامل تھیں، اس کے علاوہ انگریزی ترجمہ پر مشتمل قرآن کریم کا بھی ایک ایک نسخہ تحفے کے طور پر پیش کیا گیا۔
دونوں نومسلم خواتین نے اسلام قبول کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ایران اور حرم امام رضا علیہ السّلام کی محبت اور مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم اسلامی تعلیمات کو صحیح طرح سے درک کرنے کے بعد مختلف اقوام کے ما بین امن و سلامتی اور محبت و بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لئے کام کریں گے۔
واضح رہے کہ حرم حضرت امام رضا علیہ السّلام ہمیشہ اسلامی علوم کو فروغ دینے اور مختلف ادیان و مذاہب کے مابین گفتگو اور نظریات کے تبادلے کے مواقع فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔
آپ کا تبصرہ